چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان پر 10ارب روپے ہرجانے کا مقدمے کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس نے ان چوروں کو خوش کرنے کے لیے فارن فنڈنگ کیس اور توشہ خانہ میں میرا نام لیا۔
عمران خان نے کامونکی میں مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک دن میں زیادہ سے زیادہ 12 کلومیٹر کا سفر طے کر سکتے ہیں، لوگوں کی محبت اتنی ہے، اتنا جنونی استقبال ہے کہ ہم ایک دن میں 10 سے 12 کلومیٹر سے زیادہ آگے نہیں جا سکتے۔
انہوں نے کہا کہ یہ امپورٹڈ حکومت اور اس کے سہولت کار ٹی وی کوریج بند کر رہے ہیں، لوگوں اور پاکستان کے عوام کو اسلام آباد کی طرف بڑھتے دیکھنے سے روک رہے ہیں لیکن کوئی فکر کی بات نہیں ہے لیکن ہم سوشل میڈیا کی وجہ سے ہم اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ لوگوں کو اپنے موبائل فون پر نظر آ رہا ہے کہ یہ انقلاب کتنی تیزی سے اسلام آباد کی طرف آ رہا ہے۔
عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ تمہارے سے بڑا دو نمبر آدمی کبھی الیکشن کمیشن میں نہیں بیٹھا، یہ شریف خاندان کے گھر کا نوکر ہے اور دوسرا اس کو پیچھے سے بھی ہدایات آ رہی ہیں، مجھے معلوم ہے کہ اس کو پیچھے سے کون اکسا رہا ہے کیونکہ اس گیدڑ میں تو دم ہی نہیں تھا یہ کرنے کا۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ سکندر سلطان میں جب تک عدالت میں کھڑا کرکے تم سے پیسے نکلواؤں گا اور وہ پیسے شوکت خانم کو دوں گا تاکہ تم آگے کسی کے کہنے پر لوگوں کی ساکھ اس طرح نہ برباد کرو۔
انہوں نے ضمنی انتخاب میں کرم میں کامیابی پر عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میرے خلاف یہ سارے چوروں کا ٹولہ ایک طرف تھا اور میں آپ کو سلام کرتا ہوں کہ میں نے دگنی لیڈ سے انہیں پھینٹا لگایا۔
ان کا کہنا تھا کہ اب ان لوگوں کو پیغام دے رہا ہوں جنہوں نے اس چوروں کے ٹولے کو ہمارے اوپر مسلط ہونے دیا، میں بڑے ادب سے آپ کو پیغام دے رہا ہوں کہ اللہ کا واسطہ ہے قوم کی آواز سن لو، سن لو قوم کدھر کھڑی ہے۔