بائیسویں پیراگون سندھ ایمیچر گولف چیمپین شپ کا فائنل راؤنڈ کراچی گولف کلب میں اتوار کے دن کھیلا گیا۔ تین روزہ کھیل کے بعد لاہور جمخانہ کے قاسم علی خان 220 چار اوور پار کرکے سندھ ایمیچر ٹرافی کے حقدار بن گئے۔ اس سال کے رنر اپ 220 چار اوور پار اسکور کے ساتھ کراچی گولف کلب کے عمر شکوہ خان رہے ۔ کراچی گولف کلب کے ہی ارسلان خان نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ سینیر ویٹرن کیٹگری میں کراچی گولف کلب کے خرم خان نے ٹائٹل اپنے نام کیا۔ دوسری پوزیشن پر رومینزا ملتان کے برگیڈیر محسن فاروق اور تیسری پوزیشن پر زاہد ابراہیم ہیں۔
سینیر ہینڈی کیپ (8-14) میں بریگیڈیر قاسم چنگیزی پہلی اور دوسری پوزیشن پر سلمان علی ہیں۔ سینیر کیٹگری میں زاہد ابراہم چیمپین بنے جبکہ خرم خان رنر اپ رہے۔ انعامی تقریب میں کراچی گولف کلب اور سندھ گولف ایسو سی ایشن کے عہدیداران کے علاوہ گولف کمیونٹی کے ارکان نے بھی شرکت کی۔ سندھ گولف ایسوسی ایشن کے صدر خرم خان نے فاتح کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے دیگر کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے چیمپین شپ میں تعاون کرنے پر پیراگون ڈیویلپرز ، کینڈی لینڈ اور ٹپال چائے کا شکریہ ادا کیا۔ ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر خرم خان نے کراچی گولف کلب اور سندھ گولف ایسو سی ایشن میں اپنے ساتھیوں کی کارگزاری کو سراہا۔