آسڑیلیا میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں بھارت کی ٹیم نے نیدرلینڈز کو 56 رنز سے شکست دیدی، یہ بھارت کی ٹورنامنٹ میں دوسری مسلسل جیت ہے اس سے قبل اس نے پاکستان کو شکست سے دوچار کیا تھا،تفصیلات کے مطابق بھارت کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ بیس اوورز میں صرف دو وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بنائے، بھارت کی جانب سے ایک بار پھر ویرات کوہلی نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 44 گیندوں پر تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 62 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ کپتان روہیت شرما چار چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 53 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، سوریا کمار یادیو نے بھی فارم بحال کرتے ہوئے صرف 25 گیندوں پر سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 51 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، نیدر لینڈز کی جانب سے فریڈ کلاسین اور پال وین میکرین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں نیدرلینڈز کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 123 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکی اور میچ 56 رنز کے فرق سے ہار گئی، نیدرلینڈز کی جانب سے سب سے بہترین سکور بیس رنز رہا جو ٹم پرینگل نے سکور کیا، بھارت کی جانب سے بھنیشور کمار، اردیب سنگھ، اکسر پٹیل اور ایشون نے دو دو جبکہ محمد شامی نے ایک وکٹ حاصل کی، ویرات کوہلی کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔