صدرعارف علوی نے کشمیری عوام کی آزادی کے لئے ا ن کی منصفانہ جدوجہد میں پوری پاکستانی قوم کی غیرمتزلزل حمایت کااعادہ کیاہے۔یوم سیاہ پراپنے پیغام میں صدرنے پانچ اگست دوہزارانیس کے غیرقانونی اوریکطرفہ اقدامات کی فوری واپسی کے لئے پاکستان کے مطالبے کا اعادہ کیا ہے۔ڈاکٹرعارف علوی نے عالمی برادری پرزوردیاکہ وہ بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پربھارت کی جوابدہی کے اقدامات کرے۔صدرنے عالمی برادری پرزوردیاکہ وہ سلامتی کونسل کی قراردادوں اورکشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق جموں وکشمیرکے دیرینہ تنازع کے پرامن اورمنصفانہ حل کے لئے اپناکرداراداکرے۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہاکہ پاکستان ہرقیمت پراس وقت تک کشمیری عوام کے ساتھ کھڑارہے گا جب تک انہیں اپناجائزحق خودارادیت نہیں مل جاتا۔انہوں نے کہاکہ کشمیر کے نصب العین کے لئے پاکستان کی ٹھوس حمایت ہمیشہ جاری رہے گی۔وزیراعظم نے کہاکہ تنازعہ کشمیرگزشتہ پچھترسال سے اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر ہے انہوں نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیاکہ وہ مقبوضہ علاقے میں جاری بھارتی مظالم کے خلاف آواز اٹھائے۔ انہوں نے بھارتی حکومت کے پانچ اگست دوہزارانیس کے یکطرفہ اورغیرقانونی اقدامات کوواپس لینے کابھی مطالبہ کیا۔شہبازشریف نے کہاکہ اقوام متحدہ کی نگرانی میں آزادانہ اورغیرجانبدارانہ رائے شماری کے ذریعے کشمیری عوام کواپنے حق خودارادیت کے استعمال کی اجازت دیکرہی مسئلہ کشمیرکو حل کیاجاسکتاہے۔