پی ٹی آئی کا فیصل واوڈا کو شوکاز نوٹس جاری کرنےکا فیصلہ

پی ٹی آئی کا فیصل واوڈا کو شوکاز نوٹس جاری کرنےکا فیصلہ

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے فیصل واوڈا کو شوکاز نوٹس جاری کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔ٹوئٹر پر پوسٹ کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری اسد عمرکا کہنا تھا کہ فیصل واوڈا کا بیان پارٹی پالیسی کی عکاسی نہیں کرتا۔

اسدعمرکا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر پی ٹی آئی سندھ کے صدر کو پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کرنے پر فیصل واوڈا کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کو کہا گیا ہے۔

دوسری جانب  تحریک انصاف سندھ کے صدر علی زیدی نے بھی ٹوئٹ میں کہا ہےکہ فیصل واوڈا نے لانگ مارچ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی، سرکاری ٹی وی سمیت تمام چینل نے پریس کانفرنس دکھائی،  یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ انھیں امپورٹڈ حکومت نے لانچ کیا ہے۔

علی زیدی کا کہنا تھا کہ فیصل واوڈا کی پریس کانفرنس کا کوئی مقصد سمجھ نہیں آیا، عمران خان کی سب کو پر امن رہنے کی واضح ہدایات ہیں،عمران خان کی ہدایت کے بعد اس پریس کانفرنس کا کوئی وزن نہیں۔

خیال رہے کہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ میں خون ہی خون، جنازے ہی جنازے نظر آرہے ہیں، امپورٹڈ شخصیات اور کئی لاشیں مارچ کی آڑ میں آنے والے دنوں میں گرنے والی ہیں۔

فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ عمران خان جو پرامن مارچ کرنے جارہے ہیں یہ ہمارا جمہوری حق ہے، لاشوں اور خون کا کھیل اس ملک میں بند ہونا چاہیے، لانگ مارچ کے بیانیےکی آڑ میں سازش رچائی جارہی ہے، عوام ہرچیز پر لبیک کہیں لیکن کسی اور کے لیے بے گناہ موت نہ مریں، پر امن احتجاج کی آڑ میں بہت سارا خون بہتا دیکھ رہا ہوں۔

-- مزید آگے پہنچایے --