قبض سے بچنا چاہتے ہیں تو یہ غذائیں کھائیں

قبض سے بچنا چاہتے ہیں تو یہ غذائیں کھائیں

قبض ایسا مسئلہ ہے جس کا سامنا لگ بھگ ہر فرد کو ہی ہوتا ہے۔بزرگوں میں یہ زیادہ عام ہوتا ہے مگر ہر عمر کے افراد اس سے متاثر ہوسکتے ہیں۔

ہر فرد میں اس کی شدت یا علامات مختلف ہوسکتی ہیں اور وجوہات بھی مختلف ہوسکتی ہیں۔جیسے جسم میں پانی کی کمی، ناقص غذا، مخصوص ادویات، کوئی بیماری، اعصابی نظام کو متاثر کرنے والے امراض یا ذہنی بیماریوں کے نتیجے میں قبض کا سامنا ہوسکتا ہے۔

مگر اچھی خبر یہ ہے کہ چند غذاؤں سے قبض سے ریلیف ممکن ہے یا اس کی روک تھام کی جاسکتی ہے۔

ناشپاتی

یہ مزیدار پھل وٹامنز اور اینٹی آکسائیڈنٹس سے بھرپور ہوتا ہے جبکہ پانی اور فائبر کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے، جس سے قبض کی روک تھام میں مدد ملتی ہے یا ریلیف ملتا ہے۔

پوپ کارن

اکثر افراد سنیما میں فلم دیکھتے ہوئے اسے کھاتے ہیں مگر اسے کسی بھی وقت کھایا جاسکتا ہے، بس نمک اور چکنائی کی مقدار زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔

پوپ کارن میں فائبر کی مقدار زیادہ ہوتی ہے جو قبض سے بچانے کے لیے اہم ترین جز ہے۔

تربوز

اس پھل میں فائبر کی مقدار تو زیادہ نہیں مگر اس کا 92 فیصد حصہ پانی پر مشتمل ہوتا ہے، جس سے آنتوں کے افعال بہتر ہوتے ہیں۔

اس سے ہٹ کر وٹامنز اور لائیکو پین جیسے اجزا بھی اس کا حصہ ہوتے ہیں جو معدے کے لیے مفید ثابت ہوتے ہیں۔

جو کا دلیہ

جو کا دلیہ بھی فائبر کے حصول کا اچھا ذریعہ ہے جبکہ یہ پانی کی کافی مقدار بھی جذب کرتا ہے جس سے ہاضمہ بہتر ہوتا ہے۔

بادام

بادام میں بھی فائبر کی مقدار زیادہ ہوتی ہے جبکہ یہ پروٹین اور صحت مند چکنائی کے حصول کا بھی اچھا ذریعہ ہے۔

روزانہ چند بادام کھانے سے نظام ہاضمہ بہتر ہوتا ہے جس سے قبض سے بچنے میں بھی مدد ملتی ہے۔

سیب

سیب میں شکر کی ایک قسم sorbitol موجود ہوتی ہے جو جلاب جیسا کام کرتی ہے۔

اسی طرح یہ پھل فائبر اور پانی کے حصول کا بھی بہترین ذریعہ ہے جس سے آنتوں کے افعال بہتر ہوتے ہیں اور قبض سے ریلیف ملتا ہے۔

خشک آلو بخارے

خشک آلو بخارے نہ صرف قبض سے ریلیف کے لیے مؤثر ہیں بلکہ اس سے بچانے میں بھی مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

اس میں بھی sorbitol نامی شکر موجود ہوتی ہے جسے ہمارا جسم ہضم نہیں کرپاتا جس کے باعث یہ جلاب جیسا کام کرتی ہے۔

بس اس کی زیادہ مقدار کھانے سے گریز کریں ورنہ ہاضمہ خراب بھی ہوسکتا ہے، اس کا جوس پینا بھی قبض سے ریلیف کے لیے مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔

دالیں

دالوں میں فائبر کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے جو نظام ہاضمہ کی صحت بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ قبض سے نجات دلانے والا جز ہے۔

دہی

دہی میں پرو بائیوٹیکس کی مقدار زیادہ ہوتی ہے جو معدے کو صحت مند رکھنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے اور قبض کی روک تھام ہوتی ہے۔

کافی

یہ گرم مشروب بھی قبض سے ریلیف میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے، لیکن اس کی وجہ کیا ہے یہ ابھی سائنسدان جان نہیں سکے۔

پانی

چونکہ جسم میں پانی کی کمی قبض کا خطرہ بڑھانے کا باعث ہے تو مناسب مقدار میں پانی پینا قبض سے بچانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

شکرقندی

شکرقندی میں موجود فائبر سے قبض کی روک تھام ہوتی ہے اور ہاضمہ کے افعال صحت مند ہوتے ہیں۔

انار

انار میں ایسے فائبر کی مقدار زیادہ ہوتی ہے جو آسانی سے جسم میں جذب نہیں ہوتا۔

فائبر کی یہ قسم نظام ہاضمہ کو صحت مند رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے اور قبض سے تحفظ فراہم کرتی ہے۔

-- مزید آگے پہنچایے --