چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نےگزشتہ روز لاہور میں ہونے والی عاصمہ جہانگیر کانفرنس میں اپنے رویے پر اظہار ندامت کیا ہے۔پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول کا کہنا تھا کہ میں نے جس طرح نعروں کا جواب دیا وہ نامناسب تھا، ایک وفاقی وزیر کو اِس طرح کا رویہ زیب نہیں دیتا۔
بلاول کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت انسانی حقوق اور آزادی صحافت پریقین رکھتی ہے، انسانی حقوق پربات کرنے کے پلیٹ فارم پر وفاقی وزراء کو بھی دعوت دی جاتی ہے، عاصمہ جہانگیر کانفرنس میں لگنے والے نعرے نامناسب تھے، ہم سب نے ملک بھر میں دہشت گردی کی آگ کا سامنا کیا ہے، ہم سب دہشت گردی کی آگ کا شکار ہوئے، ہمارا خاندان، عام شہری بھی دہشت گردی کا شکار ہوئے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ہماری فوج کے سپاہی دہشت گردی کے خلاف صف اول کا کردار ادا کرتے ہیں، ہماری فوج کے سپاہی دہشت گردوں کے نشانے پر ہیں، ہمیں سیاست کرتے ہوئے ضرور سوچنا چاہیےکہ نعرے لگاتے وقت شہدا کےخاندانوں کو تکلیف نہ ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے کارکن اور دوسری تنظیموں کے لوگ بھی نعرے لگارہے تھے، میں نے جیسے ان کا جواب دیا تھا، وہ نامناسب تھا، بہتر طریقے سے جواب دیا جاسکتا تھا۔