ارشد شریف کا قتل، سیکرٹری داخلہ و خارجہ کو نوٹس، رپورٹ طلب

ارشد شریف کا قتل، سیکرٹری داخلہ و خارجہ کو نوٹس، رپورٹ طلب

معروف صحافی اور سینیئر اینکر پرسن ارشد شریف کے کینیا میں مبینہ قتل کی تحقیقات کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست پر سیکریٹری داخلہ اور سیکریٹری خارجہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کل تک رپورٹ طلب کرلی گئی ہے۔

بیرسٹر شعیب رزاق کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست پر چیف جسٹس اطہر من اللہ نے سماعت کی۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ کمیشن بنا کر تحقیقات کرائی جائیں کہ ارشد شریف کن حالات میں باہر گئے، سیکیورٹی ایجنسیز کو کینیا کی ایجنسیز سے رابطہ بنا کر تحقیقات کا حکم دیا جائے۔

بعد ازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے کل تک واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے سیکریٹری داخلہ اور سیکریٹری خارجہ کو نوٹس جاری کردیا۔عدالت کی جانب سے جاری نوٹس میں وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ کے نامزد افسر کو ارشد شریف کی فیملی سے فوری ملاقات کی ہدایت کی گئی۔

واضح رہے کہ دونوں ممالک کے حکام نے تاحال ارشد شریف کی موت اور اسباب کی تصدیق نہیں کی ہے، چند پاکستانی میڈیا ہاؤسز نے پہلے اطلاع دی تھی کہ ارشد شریف کو گولی مار کر قتل کیا گیا ہے لیکن بعد میں کہا گیا کہ ان کی موت ایک حادثے میں ہوئی۔تاہم اب ارشد شریف کی اہلیہ کی جانب سے ارشد شریف کو کینیا میں گولی مار کر قتل کیے جانے کا دعویٰ سامنے آچکا ہے۔

-- مزید آگے پہنچایے --