عمران خان کیخلاف توشہ خانہ کیس کا فیصلہ کل سنایا جائیگا

عمران خان کیخلاف توشہ خانہ کیس کا فیصلہ کل سنایا جائیگا

الیکشن کمیشن کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس پر فیصلہ کل سنایا جائےگا۔الیکشن کمیشن کی جانب سے عمران خان سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کردیےگئے ہیں۔

 عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس کا فیصلہ کل دوپہر 2 بجے سنایا جائےگا۔یاد رہےکہ الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ کیس کا فیصلہ 19 ستمبرکو محفوظ کیا تھا۔

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے اگست میں اراکین قومی اسمبلی کی درخواست پر عمران خان کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس الیکشن کمیشن بھیجا تھا جس میں ان کی نااہلی کی درخواست کی گی تھی۔

ریفرنس میں کہا گیا تھا کہ عمران خان نے اپنے اثاثوں میں توشہ خانہ سے لیےگئے تحائف اور ان تحائف کی فروخت سے حاصل کی گئی رقم کی تفصیل نہیں بتائی۔

عمران خان کی جانب سے الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا تھا کہ میرے خلاف توشہ خانہ ریفرنس بلا جواز  اور  بے بنیاد ہے،  ریفرنس بدنیتی پر مبنی ہے  اور  سیاسی مقاصد کے لیے کیس بنایا گیا ہے، توشہ خانہ ریفرنس اختیارات کا  ناجائز  استعمال اور آئینی اختیارات کی توہین ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھیجنا ہی غیر قانونی ہے، ریفرنس الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار میں ہے اور نہ وہاں قابل سماعت ہے، توشہ خانہ تحائف کو اثاثوں میں کبھی نہیں چھپایا، تمام الزامات کو مسترد کرتا ہوں۔

-- مزید آگے پہنچایے --