عمران خان جیسے سیاست دانوں کو ہم ہمیشہ کے لیے ریٹائرمنٹ پر بھیجیں گے، بلاول بھٹو

عمران خان جیسے سیاست دانوں کو ہم ہمیشہ کے لیے ریٹائرمنٹ پر بھیجیں گے، بلاول بھٹو

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان نوجوان قیادت کے لیے تیار ہے اور عمران خان جیسے سیاست دانوں کو ہم ہمیشہ کے لیے ریٹائرمنٹ پر بھیجیں گے۔

ملیر میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان کی سیاست نفرت کی جبکہ پیپلز پارٹی کی سیاست محبت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ عمران خان سیاست چھوڑ کر فنی گالا میں بیٹھ کر مزے کرے اور ملک و قوم کو جینے دے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ملیر کے لوگوں نے ایک بار پھر پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کا ساتھ دیا ہے، آپ نے ہمارے امیدوار عبدالحکیم بلوچ کو جتوایا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ 2018 میں بھی ڈاکا مارا گیا تاکہ نالائق، ناکام آدمی کو وزیر اعظم سلیکٹ کیا جائے، اور اس کا نقصان پورے پاکستان نے بھگتا۔

ان کا لوگوں سے کہنا تھا کہ ہم ان شا اللہ ہمیشہ آپ کا ساتھ دیں گے، آپ کے دکھ، درد اور خوشی میں شریک ہوں گے، ہم مل کر نہ صرف کراچی کے عوام کی خدمت کریں گے بلکہ ہم پورے پاکستان کے عوام کی آواز بن کر ان کی بھی خدمت کریں گے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور تمام اتحادیوں کے بھی شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ہمارا ساتھ دیا۔

انہوں نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک جھوٹا اور منافق آدمی ہے، یہ سمجھتا ہے کہ تین، چار مہینے بعد پاکستان کے عوام بھول چکے ہیں کہ چار سال کے اندر اس شخص نے پاکستان کا کیا حشر کیا تھا، اس شخص نے ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن حکومت میں آکر روزگار چھین رہا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ شخص لاکھوں گھر بنانے کا وعدہ کرکے حکومت میں آکر غریبوں کے سر سے چھت چھین رہا تھا، آج بھی اس کی پوری کی پوری سیاست جھوٹ پر مبنی ہے، وہ پہلے بھی سلیکٹڈ تھا، اور اب پھر جدوجہد کر رہا ہے کہ ایک بار پھر وہ سلیکٹ ہوجائے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہم پاکستان کے عوام پر بھروسہ کریں گے، آگے جاکر بھی اس کٹھ پتلی کو شکست دلوائیں گے، آج بھی اس کی سیاست جھوٹ پر مبنی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلے ہم کہتے تھے کہ یہ سلیکٹڈ کٹھ پتلی ہے، اس کی ڈوریں کہیں اور سے چلتی ہیں، تو تب نہیں مانتا تھا اور کہتا تھا کہ ہم تو ایک پیج پر ہیں، اب خود مانتا ہے کہ اس کے ہاتھ میں کوئی اختیار نہیں تھا، اگر اس کے ہاتھ میں اختیار نہیں تھا تو اسے استعفیٰ دینا چاہیے تھا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ خود تاریخ کا سب سے بڑا چور نکلا ہے، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے کہا تھا کہ پاکستان میں جتنی کرپشن اس عمران خان کے دور میں ہوئی ہے، ماضی میں کبھی نہیں ہوئی، یہ ہر کسی کو چور چور کہتا ہے، خود چندہ چور نکلا، یہ اپنا کچن شوکت خانم ہسپتال سے چلاتا ہے، ہر کسی پر الزام لگانے والا سب سے بڑا چور نکلا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی سیاست نفرت کی جبکہ پیپلز پارٹی کی سیاست محبت کی ہے، آنے والا وقت ثابت کرے گا کہ پاکستان نوجوان قیادت کے لیے تیار ہے، اور عمران جیسے سیاست دانوں کو ہم ہمیشہ کے لیے ریٹائرمنٹ پر بھیجیں گے۔

نومنتخب رکن قومی اسمبلی عبدالحکیم بلوچ کی جانب سے مسائل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ میں وزیر اعلیٰ سندھ سے امید رکھتا ہوں کہ 90 دن کے اندر میں چاہوں گا کہ ان سارے مطالبات پر کام شروع ہو۔

انہوں نے کہا کہ گرین بیلٹ، شہید بے نظیر بھٹو میڈیکل کمپلیکس، انجینئرنگ کالج ملیر، لیاری یونیورسٹی کا ملیر کیمپس، اربن ویلیج ریگولائزیشن اور 30 سال لیز کی درخواست کی گئی ہے، میں اس حوالے سے 90 دن میں رپورٹ طلب کروں گا۔

-- مزید آگے پہنچایے --