کراچی میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ

الیکشن کمیشن نے کراچی میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ کرلیا۔الیکشن کمیشن کی جانب سے یہ فیصلہ سندھ حکومت کی 7 اضلاع میں 23 اکتوبر کے بلدیاتی انتخابات 3 ماہ کے لیے ملتوی کرنے کی تیسری درخواست پر کیا گیا۔گزشتہ روز سندھ حکومت کی جانب سے کراچی کے 7 اضلاع میں 23 اکتوبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کو 3 ماہ کے لیے ملتوی کرنے کی تیسری درخواست سے متعلق غور کے لیے الیکشن کمیشن کا اجلاس چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی صدارت میں ہوا، اجلاس میں الیکشن کمیشن کے سینئر حکام کے علاوہ سیکریٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکر نے بھی شرکت کی۔

سندھ حکومت کا مؤقف ہے کہ انتخابات کے لیے سیکیورٹی فراہم کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے جب کہ اسے 16 ہزار پولیس اہلکاروں کی کمی کا سامنا ہے۔الیکشن کمیشن نے وزارت داخلہ کو یہ بتانے کی ہدایت کی کہ وہ الیکشن ڈیوٹی کے لیے 16 ہزار اہلکار فراہم کرسکتا ہے یا نہیں۔الیکشن کمیشن ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ کی جانب سے اہلکاروں کی فراہمی کی یقین دہانی انتخابات کا انعقاد ممکن بنا سکتی ہے جب کہ سیکریٹری دفاع پہلے ہی اہلکاروں کی تعیناتی کے لیے فوج اور رینجرز اہلکار فراہم کرنے سے متعلق معذوری کا اظہار کر چکے ہیں۔

 

ذریعہ نے بتایا کہ بلدیاتی انتخابات میں بڑے پیمانے پر سیکیورٹی کی ضرورت ہے جب کہ لوکل باڈیز انتخابات کے للیے ووٹرز میں زیادہ جوش پایا جاتا ہے۔سندھ حکومت کی جانب سے دائر کردہ تیسری درخواست میں الیکشن کمیشن کو مطلع کیا گیا کہ انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے تقریباً 5 ہزار پولنگ اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے اور ان میں سے تقریباً ایک ہزار 305 کو انتہائی حساس اور 3 ہزار 688 کو حساس قرار دیا گیا، 39 ہزار 293 پولیس اہلکاروں کی ضرورت ہوگی، کراچی پولیس کے پاس مجموعی طور پر 22 ہزار 507 پولیس اہلکار موجود ہیں اور 16 ہزار 786 پولیس اہلکاروں کی کمی ہے۔

اس میں کہا گیا کہ صوبائی حکومت نے اس فرق کو ختم کرنے کے لیے صوبے کے دیگر اضلاع سے 14 ہزار 958 پولیس اہلکاروں اور 7 ہزار 150ریزرو اہلکاروں کی خدمات حاصل کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔درخواست میں کہا گیا کہ سیلاب کے بعد کی صورتحال میں کراچی پولیس سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں اضافی فرائض انجام دے رہی ہے، سیلاب کے باعث بے گھر ہونے والے افراد کی بڑی تعداد کراچی کے مختلف اضلاع میں منتقل ہوگئی ہے وہاں سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے بھی پولیس کی تعیناتی ضروری ہے۔سندھ حکومت نے استدعا کی تھی کہ امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر کراچی میں 23 اکتوبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کو 3 ماہ کے لیے ملتوی کیا جائے۔

-- مزید آگے پہنچایے --