الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے این اے 237 ملیر میں دھاندلی کے الزامات اور ری پولنگ کے مطالبے پر کہا ہےکہ کیا عمران خان کورنگی میں ہونے والے ضمنی انتخاب کی بھی ری پولنگ کا مطالبہ کریں گے؟
الیکشن کمشنرسندھ اعجاز انور چوہان کا کہنا ہےکہ جو الزامات مجھ پر لگائےگئے وہ بے بنیاد ہیں، سختی سے تردید اور مذمت کرتا ہوں، بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ کی جانب سے آئینی ادارے کے عہدے دار کے حوالے سے ایسے بیان کی توقع نہیں کرتا تھا۔
اعجاز انور چوہان کا کہنا ہےکہ ملیرکے ضمنی انتخاب میں دھاندلی کے الزامات میں کوئی صداقت نہیں،ضمنی انتخاب کے نتائج میں کامیاب امیدوار سےعمران خان کا 10 ہزار ووٹ کا فرق ہے،کیا عمران خان کورنگی میں ہونے والے ضمنی انتخاب کی بھی ری پولنگ کا مطالبہ کریں گے۔
الیکشن کمشنرسندھ کا کہنا ہےکہ ملیر اور کورنگی دونوں حلقوں میں الیکشن کمیشن نے ہی ضمنی انتخابات کرائے ہیں، جہاں سے عمران خان جیتے وہاں دھاندلی نہیں، جہاں سے ہارے وہاں دھاندلی کا الزام ! الیکشن کمیشن نےکراچی کے دونوں حلقوں میں صاف اور شفاف ضمنی انتخابات کرائے ہیں۔