سیرت النبیۖ انسانیت کیلئے مکمل ضابطہ حیات ہے:صدرمملکت

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے مسلمانوں پر زور دیا ہے کہ وہ حضر ت محمد مصطفیۖ کی سنت کی پیروی کریں جس میں انسانیت کی حقیقی بہتری اورفلاح ہے۔ انہوں نے آج اسلام آباد میں دو روزہ بین الاقوامی سیرت النبیۖ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سیرت النبی انسانیت کے لئے مکمل ضابطہ حیات ہے اور حضرت محمدۖ دنیا کے ہر انسان کیلئے ایک مثالی شخصیت ہیں۔

خاتم النبیین حضرت محمدۖ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے صدر نے کہاکہ انتشار اور نا انصافی سمیت مسلمانوں کو در پیش تمام مسائل کا حل سیرت النبیۖ میں پوشید ہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ کے عظیم ترین رہنما کی حیات طیبہ سے سیکھنے اور ان کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر ہم اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگیوں کو بہتر بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی تعلیمات پر صحیح معنوں میں عمل پیرا ہونا دنیا اور آخرت میں ہماری کامیابی کا ضامن ہے۔ صدر نے کہا کہ ہمیں نوجوانوں میں اخلاقیات اور اقدار پیدا کرنی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے اساتذہ اور والدین کا کلیدی کردار ہے۔ انہوں نے سماج میں انصاف کے فروغ کیلئے ملک میں قانون کی حکمرانی قائم کرنے پر زور دیا اور کہا کہ قانون کی حکمرانی کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کرسکتا۔

مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کے وزیر مفتی عبدالشکور نے کہا ہے کہ قوم خاتم النبیین حضرت محمد ۖ کی سنت پر عمل پیر ا ہوکر بدعنوانی اور دیگر سماجی برائیوں سے نجات حاصل کرسکتی ہے۔ انہوں نے دو روزہ بین الاقوامی سیرت النبیۖ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام سماجی مسائل کا حل حضرت محمد ۖ کی سیرت طیبہ کی پیروی میں مضمر ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمیں امن و رہنمائی کیلئے اسلام کے سنہری اصولوں کی پیروی کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کی اصل روح پر عمل پیر ا ہونے کے لئے ہمیں حضرت محمد ۖ کی تعلیمات کے تناظر میں اپنا محاسبہ کرنا چاہیے۔

-- مزید آگے پہنچایے --