بنگلہ دیش میں جاری ویمنز ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں ملائیشیا کی کمزور ٹیم کو نو وکٹوں سے شکست دیدی، تفصیلات کے مطابق پاکستان کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے ملائیشیا کو بیٹنگ کی دعوت دی جو بیس اوورز میں صرف 57 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکی، ملائیشیا کی جانب سے ایلسا ہنٹر 29 رنز ناٹ آئوٹ کے ساتھ نمایاں رہیں جبکہ وان جولیا نے گیارہ رنز بنائے، ان دو کے علاوہ کوئی ملائیشین بیٹر سکور ڈبل فیگرز میں نہ لے جاسکی، ملائیشیا کی پانچ بیٹرز کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئیں، پاکستان کی جانب سے عمائمہ سہیل نے تین، طوبیٰ حسن نے دو جبکہ ڈیانا بیگ اور سعدیہ اقبال نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، جواب میں پاکستان کی ٹیم نے ایک وکٹ کے نقصان پر مطلوبہ ہدف نو اوورز میں حاصل کرکے میچ نو وکٹوں سے جیت لیا، منیبہ علی نے اکیس ناٹ آئوٹ جبکہ سدرہ آمین نے اکتیس رنز بنائے، ملائیشیا کی جانب سے ماریہ عزت اسماعیل نے ایک وکٹ حاصل کی۔ طوبیٰ حسن کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔