پاک فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 6 اہلکار شہید

پاک فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 6 اہلکار شہید

پاکستانی فوج کا ہیلی کاپٹر بلوچستان کے علاقے ہرنائی کے قریب گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں 2 پائلٹس سمیت جہاز میں سوار تمام 6 اہلکار شہید ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاک فوج کا ہیلی کاپٹر کل رات بلوچستان کے علاقے ہرنائی کے قریب فلائنگ مشن کے دوران گر کر تباہ ہو گیا۔

بیان کے مطابق 2 پائلٹس سمیت جہاز کے تمام 6 اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا، شہیدوں میں پائلٹ میجر محمد منیب افضل، پائلٹ میجر خرم شہزاد شامل ہیں، دیگر عملے میں نائیک جلیل، صوبیدار عبدالواحد، سپاہی شعیب اور سپاہی محمد عمران شامل ہیں۔

افسوسناک حادثے میں شہید صوبیدار عبدالواحد کی عمر 44 سال تھی، وہ کرک کے گاؤں صابر آباد کے رہائشی تھے، ان کے 3 بیٹے اور ایک بیٹی سمیت 4 بچے ہیں۔

 

شہید محمد عمران کی عمر 27 سال تھی، وہ مخدوم پور خانیوال کے رہائشی تھے، وہ 2 بیٹیوں اور ایک بیٹے کے باپ تھے۔

شہید نائیک جلیل کی عمر 30 سال تھی، وہ ضلع گجرات کے رہائشی تھے، ان کے 2 بچے ہیں، شہید سپاہی شعیب کی عمر 35 سال تھی اور وہ ضلع اٹک کے رہائشی تھے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل اگست میں بھی پاک فوج کے ایک ہیلی کاپٹر کو بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں حادثہ پیش آیا تھا جس میں افسران سمیت پاک فوج کے چھ جوان شہید ہو گئے تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی ٹوئٹ میں بتایا گیا تھا کہ ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہونے لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت تمام 6 افسران اور جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔

انہوں نے کہا تھا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ خراب موسم کی وجہ سے پیش آیا اور بلوچستان کے علاقے لسبیلہ میں امدادی کارروائیاں انجام دینے والے اس ہیلی کاپٹر کا رابطہ ایئر ٹریفک کنٹرول سے منقطع ہو گیا تھا۔

-- مزید آگے پہنچایے --