سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کریگی، وزیراعظم

سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کریگی، وزیراعظم

وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی بحالی ایک بڑا چیلنج ہے اور اس مقصد کیلئے وفاقی حکومت صوبوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کریگی۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس کے ہمراہ بلوچستان کے ضلع جعفر آباد کی سیلاب سے متاثرہ تحصیل اوستہ محمد کے دورے کے دوران کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ شدید بارشوں اور سیلاب سے سڑکوں، پلوں اور ریلوے کا ڈھانچہ بری طرح متاثر ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اور ان کی حکومت صوبے کی ترقی پر توجہ مرکوز کر رہی ہے۔بلوچستان کے وزیر اعلیٰ عبدالقدوس بزنجو نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو بتایا کہ انہوں نے امداد اور بچائو کی کوششوں میں اپنے تمام محدود وسائل استعمال کئے ہیں۔انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ ملک کے سیلاب سے متاثرہ افراد کی معاونت کیلئے مالی مدد فراہم کرے۔بلوچستان کے چیف سیکرٹری نے دورہ کرنے والی شخصیات کو صوبے میں مون سون سیلاب کی وجہ سے ہونے والی تباہی اور بچائو، امداد اور بحالی کی کوششوں سے متعلق آگاہ کیا۔وزیراعظم اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اوستہ محمد کی خیمہ بستی میں سیلاب متاثرین سے ملاقات کی اور وہاں سیلاب متاثرین کے بچوں کیلئے قائم کئے گئے سکول کا بھی دورہ کیا۔

-- مزید آگے پہنچایے --