وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا اور جانوں کی پروا نہ کرنے والے غازیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ملک بھر میں یومِ دفاع بھرپور ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے۔
6 ستمبر 1965 وہ دن تھا جب بھارتی افواج نے رات کے اندھیرے میں بین الاقوامی سرحد عبور کر کے پاکستان پر حملہ کیا لیکن پاک فوج نے دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا۔
دن کی مناسبت سے، مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک کی ترقی اور خوشحالی اور مقبوضہ کشمیر کی بھارت کے چنگل سے آزادی کیلئے دعائیں مانگی گئیں۔
دوسری جانب، کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، اس کے علاوہ دیگر شہروں میں بھی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔
مزار قائد پر ہونے والی گارڈز کی تبدیلی کی تقریب میں پاک فضائیہ کے کیڈٹس شامل تھے، پاکستان ایئر فورس اصغر خان اکیڈمی کے چاق وچوبند دستے نے مزار پر اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھالے۔
ائیر وائس مارشل محمد قیصر جنجوعہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے، مہمان خصوصی نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کیے، انہوں نے پریڈ کےمعائنےکےبعد مزار قائد پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔