شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ 57 سال قبل ہماری بہادر افواج نے ثابت کر دیا کہ مادرِ وطن کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں، قوم اس سر زمین کے بہادر بیٹوں کو بھرپور خراج عقیدت پیش کر رہی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ ہیروز سخت موسموں میں مادرِ وطن کی سرحدوں کو بیرونی اور اندرونی خطرات سے محفوظ رکھ رہے ہیں، ہماری بہادر مسلح افواج نے دہشت گردی کے عفریت کو شکست دے کر 1965 کی جنگ کے قابل فخر ورثے کو آگے بڑھایا۔
انہوں نے نے کہا کہ آپریشن ردالفساد کو کامیابی سے منطقی انجام تک پہنچانے پر عسکری قیادت کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، حالیہ سیلاب میں ہزاروں لوگوں کی جانیں بچانے میں مسلح افواج اور دیگر اداروں کے اہلکاروں کے کردار کو سراہتا ہوں۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ پاکستان مشکل معاشی صورتحال کے باوجود اپنے دفاع کی مضبوطی سے غافل نہیں رہ سکتا،مقبوضہ کشمیر جنوبی ایشیا کی دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان فلیش پوائنٹ ہے۔مقبوضہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل علاقائی امن اور ترقی کے لیے ضروری ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہم اس سال پاکستان کی آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی منا رہے ہیں، اِس دن میرا دھرتی کے بیٹوں اور بیٹیوں کے لیے پیغام ہے کہ وہ 6 ستمبر کے جذبے کو اپنے دلوں میں زندہ رکھیں، قوم سے اپیل کرتا ہوں وہ اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ قوم اپنی آزادی کے تحفظ کے لیے متحد ہو کر ایسے مذموم عناصر کو شکست دے تو کوئی سازش کامیاب نہیں ہو سکتی۔
دوسری جانب صدرمملکت عارف علوی نے بھی یوم دفاع وشہدا کے حوالے سے قوم کے نام پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالمی اور علاقائی امن کے لیے پر عزم ہے، پاکستان پر امن بقائے باہمی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے،امن کی خواہش کو ہماری کمزوری ہر گز نہ سمجھا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنی قومی اور بین الاقوامی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہیں، ہماری مسلح افواج کسی بھی قسم کے حالات سے نمٹنے کے لیے تیار ہے،یوم دفاع و شہدا ہمیں اس بے مثال جرات اور بہادری کی یاد دلاتا ہےجس کا مظاہرہ مسلح افواج اور قوم نے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بناکر کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ آزمائش کی گھڑی میں افواج پاکستان نے بری،بحری اور فضائی جنگ بے خوفی سے لڑی، قوم کا ہر شہری مادر وطن کی حفاظت کے لیے اٹھ کھڑا ہوا،6 ستمبر غیر متز لزل عزم،جذبہ حب الوطنی،عظیم قربانی کی علامت ہے۔
صدر نے مزید کہا کہ دفاع وطن کی خاطرجانوں کی قربانی دینے والے شہدا کو سلام عقیدت جبکہ اپنے پیاروں کی قربانی دینے والے شہدا کے لواحقین کو بھی سلام پیش کرتا ہوں۔
واضح رہے کہ ستمبر 1965ء جب دشمن بھارت نے بغیر اعلان کیے پاکستان پر حملہ کر دیا، اس دن پاک افواج کےدلیر اور جری جوانوں نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت کا شاندار مظاہرہ کیا اور جذبہ حب الوطنی کے تحت بےدریغ لڑتے ہوئےدشمن کے دانت کھٹے کر دیے۔