کامن ویلتھ گیمز،آسڑیلیا پاکستان کو سات صفر سے شکست دیکر میڈلز دوڑ سے باہر کردیا

آسٹریلوی ہاکی ٹیم نے پاکستان کو آخری گروپ میچ میں سات گول سے شکست دے کر کامن ویلتھ گیمز میں میڈلز کی دوڑ سے باہر کردیا ، پاکستان ٹیم آسٹریلیا کے سات گولز کے جواب میں ایک بار بھی گیند کو جال کی راہ نہ دکھا سکی۔یونیورسٹی آف برمنگھم ہاکی سینٹر میں کھیل کے آغاز میں تو پاکستانی کھلاڑی کافی جارح مزاج نظر آئے اور ابتدائی 8 منٹ میں حریف کی گول پوسٹ پر تین وار کیے لیکن ان حملوں کو گول میں تبدیل نہ کرسکے۔بارہویں منٹ میں آسٹریلیا کو بلیک گروورز نے گول کر کے برتری دلادی جبکہ دوسرے کوارٹر میں کھیل کے مجموعی طور پر 19 ویں منٹ میں جرمی ہیورڈ نے مقابلہ 0-2 کر دیا، جس کے بعد کیینگروز نے کھیل کو مزید تیز کیا اور پے درپے حملے کیے مگر پاکستانی گول کیپر ڈٹے رہے ۔ دوسرا کوارٹر آسٹریلیا کی 0-2 کی برتری کے ساتھ ختم ہوا، تیسرے کوارٹر میں جرمی ہیورڈ نے ایک اور گول داغ دیا ، 2منٹ بعد ہی ٹام وک ہم نے اسکور 0-4 کیا۔ چوتھا کوارٹر شروع ہوتے ہی وک ہم نے اپنا دوسرا اور ٹیم کا پانچواں گول اسکور کیا۔جیکب اینڈرسن نے چھٹا اور نیتھن افرامس نے ساتواں گول اسکور کیا۔پاکستان 0-7 کی شکست کے ساتھ میڈل کی دوڑ سے باہر ہوگیا ۔ پاکستان ہاکی ٹیم گروپ میں چوتھے نمبر پر رہی اور ٹورنامنٹ میں اب ساتویں پوزیشن کیلئے کینیڈا سے مقابلہ کرے گا۔پاکستانی ٹیم کامن ویلتھ گیمز 2022 میں چار میں سے صرف ایک میچ جیت سکی اور ایک ڈرا ہوا۔ٹورنامنٹ میں پاکستان ٹیم 6 گول کرسکی جبکہ اس کے خلاف 15 گول ہوئے۔

-- مزید آگے پہنچایے --