پاکستان کی مسلح افواج نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر پیغام جاری کیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری پیغام میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج بہادر اور جرات مند کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور کشمیر کے شہداء کو ان کی عظیم قربانیوں پر خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری پیغام میں کہا گیا ہےکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کی حق خودارادیت کے لیے جد وجہد کی حمایت کرتے ہیں۔
دوسری جانب سربراہ پاک فضائیہ مارشل ظہیر احمد بابر کی جانب سے بھی ایک پیغام جاری کیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں غاصب بھارتی فوج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں۔
ائیر چیف مارشل کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کے خلاف جاری بھارتی غیر قانونی اقدامات کے خلاف عالمی برادری کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔
سربراہ پاک فضائیہ نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ ہم ہمیشہ اپنے کشمیری بھائیوں کی حقیقی جدوجہد آزادی میں ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے، کشمیریوں کے بھارتی قبضے سے آزادی کے عزم کو مزید تقویت ملے گی۔