انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔جمعرات کے روز کاروبار کے آغاز پر ڈالرکی قدر میں کمی دیکھنے میں آئی اور ڈالر کی قیمت مزید 5 روپے 79 پیسے کم ہو کر223 روپے ہوگئی۔
کاروبار کے اختتام پر انٹربینک میں ڈالر 226.15 روپےکا ہوگیا، آج انٹربینک میں ڈالر 2 روپے 64 پیسےسستا ہوا۔دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالرکا بھاؤ 3 روپےکم ہوکر226 روپے ہے۔
خیال رہےکہ انٹربینک میں رواں ہفتے ڈالرکا بھاؤ 13.22 روپےکم ہوا ہے، گزشتہ روز ملکی تاریخ میں پہلی بار ڈالرکے مقابلے میں روپےکی قدر میں سب سے زیادہ اضافہ ہوا تھا اور ڈالر کی قدر میں مجموعی طور پر 4.19 فیصد کمی ہوئی۔
گزشتہ روز انٹربینک میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر 228 روپے 80 پیسے پر بند ہوا تھا۔دوسری جانب چیئرمین ایکسچینج ایسوسی ایشن ملک بوستان نے کہا کہ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے امپورٹ بل کا جو دعویٰ کیا تھا وہ سچ ثابت ہوا، ہمارا 2 ارب ڈالر کا تجارتی خسارہ کم ہوا ہے جو بہت بڑی رقم ہے۔
انہوں نے کہا کہ آرمی چیف نے بھی امریکا سے قرض کی اپیل کی جو کارگر ثابت ہوئی، اسی کو دیکھتے ہوئے امید ہوچلی، آئی ایم ایف کی قسط ملنے کے بعد ڈالر 200روپے سے بھی کم ہوسکتا ہے۔
ملک بوستان کا کہنا تھا کہ ڈالر روزانہ دو تین روپے گررہا ہے اور قسط ملنے کے بعد اب 180 روپے تک آسکتا ہے جو اس کا لیول ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جب ملک میں سیاسی عدم استحکام آیا، پنجاب کے ضمنی الیکشن میں اپ سیٹ نے سب کو اپ سیٹ کردیا مگر اب یقین ہوچلا ہے اور لوگوں کو محسوس ہورہا ہےکہ فوری الیکشن نہیں ہوں گے، الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد سیاسی جماعتوں نے سپریم کورٹ کا رخ کیا تو سب کو یقین ہوگیا کہ فوری الیکشن کا کوئی امکان نہیں۔ملک بوستان نے کہا کہ لوگوں کو پہلے خوف تھا کہ انتخابات ہوجائیں گے اور پتا نہیں کس کی حکومت ہوگی مگر اب یہ صورتحال ختم ہونے سے اسٹاک اور روپیہ بہتر ہوا ہے