وزارت داخلہ نے محرم الحرام کے دوران صوبائی حکومتوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں سول آرمڈ فورسز تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان کے زیر صدارت عشرہ محرم الحرام کے دوران امن وامان کے حوالے سے وزارت داخلہ میں خصوصی اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر، سپیشل سیکرٹری داخلہ، چیف سیکرٹری پنجاب کمانڈنٹ ایف سی شریک ہوئے۔
چیف کمشنر اسلام آباد، ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں نے نھی اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں چاروں صوبوں بشمول آزاد جموں وکشمیر اورگلگت بلتستان کے آئی جی پولیس اورسیکرٹری ہوم ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
اجلاس میں محرم الحرام میں امن و امان کو یقینی بنانے اور مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے، سکیورٹی صورتحال مانیٹر کرنے کیلئے وزارت داخلہ میں کنٹرول روم قائم ہوگا، مجالس، جلوس کے راستوں کیلئے خصوصی سکیورٹی ٹیمیں تشکیل دیں جائیں گی، سوشل میڈیا پر نفرت انگیز اور مذہبی منافرت پر مبنی مواد کی روک تھام کیلئے سخت مانیٹرنگ ہوگی۔
اجلاس نےمجالس کے اوقات کے دوران اور نویں اور دسویں محرم الحرام کے روز لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی سفارش کی ہے۔
وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عشرہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، مجالس، جلوس کے راستوں اور محافل کی سکیورٹی کو فُول پروف بنایا جائے، وزارت داخلہ تمام صوبائی ، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان حکومتوں کی تجویز پر سول آرمڈ فورسز کی تعیناتی یقینی بنائے گی، امن وامان قائم رکھنے کیلئے نیشنل ایکشن پلان پر سختی سےعمل درآمد کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ بین المکاتب فکر ہم آہنگی کیلئے علماء کرام اور مشائخ سے رہنمائی لی جائے، سوشل میڈیا پر نفرت انگیز اور منافرت پر مبنی مواد کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں، مذہبی منافرت اور اشتعال انگیزی کسی صورت قابل قبول نہیں، خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف قانون نافذ کرنے والے ادارے سخت ایکشن لیں۔