دریائے چناب کے ملحقہ علاقوں میں سیلاب کا خدشہ، اکھنور کے مقام پر پانی کی سطح بلند ہو گئی۔مرالہ، خانکی، قادر آباد کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب متوقع ہے، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین ،حافظ آباد، چنیوٹ ، جھنگ، سرگودھا اور مظفر گڑھ کےعلاقے متاثر ہوسکتے ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے ممکنہ سیلاب کے پیش نظر ہائی لیول الرٹ جاری کردیا جبکہ انتظامیہ نے نشیبی علاقوں میں بسنے والوں کو انخلا کا حکم دے دیا۔
ادھر دریائے چناب میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہونے پر نچلے درجے کا سیلاب ہے جس کی وجہ سے ملتان کے نشیبی علاقے کی متعدد بستیاں بھی زیر آب آگئیں، جن میں کٹاؤ کا عمل تیز ہونے پر متاثرہ بستیوں کے مکین اپنی مدد آپکے تحت نقل مکانی پر مجبور ہیں۔
دوسری جانب راجن پور کے نواحی علاقے شاہ پور اور اسکی ملحقہ تمام بستیاں شدید بارشوں سے زیر آب آچکی ہیں۔
متاثرین اپنی مدد آپکے تحت محفوظ مقامات پر پہنچ رہے ہیں لیکن ضلعی انتظامیہ کی جانب سٕے کسی طرح کی امداد نہیں کی جارہی۔ادھر آزاد کشمیر میں وقفے وقفے سے کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش جاری ہے، دریاؤں ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہو رہی ہے، حسین موسم میں سیاح بھی تفریحی مقامات پر ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں۔