چین نے اپنے مستقل خلائی اسٹیشن کے لیے دوسرے موڈیول کو لانچ کردیا جو کہ سال کے آخر تک اس کے خلائی مشن کی تکمیل کے لیے درکار تھا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی خبر کے مطابق سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی نے 23 ٹن وزنی وینٹیئن نامی (اگلے جہانوں کی تلاش) لیبارٹری موڈیول کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجکر 22 منٹ پر ہینان کے جنوبی جزیرے وینچانگ اسپیس لانچ سینٹر سے چین کے سب سے طاقتور راکٹ لانگ مارچ 5 بی پر لانچ ہوتے لائیو دکھایا۔
یہ خلا میں انسانوں کے قیام اور مختلف معاملات کی کھوج کے چین کے بلند عزائم کا ایک اہم سنگ میل ہے۔
خلائی ایجنسی کے عملے نے لائیو فیڈ پر کنٹرول روم سے لانچ کا مشاہدہ کیا اور جب وینٹیئن لانچ کیے جانے کے تقریباً 10 منٹ بعد راکٹ سے الگ ہوا تو عملے نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے تالیاں بجائیں۔
چین نے ٹیان ہی موڈیول کے ساتھ خلائی اسٹیشن کی تعمیر اپریل 2021 میں شروع کی تھی۔