فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے پاکستانی آرٹسٹ، فلم ساز اور ڈانسر ذوالفقار علی بھٹو جونیئر نے جرمنی میں ہونے والے ایک فلم فیسٹیول میں شرکت سے انکار کردیا۔
سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کے پوتے اور میر مرتضیٰ بھٹو کے بیٹے ذوالفقار علی بھٹو نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں اس بات کا اعلان کیا کہ اب وہ جرمنی کے ’گوئٹے انسٹی ٹیوٹ‘ کی جانب سے کرائے جانے والے فیسٹیول میں شرکت نہیں کریں گے۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ وہ فلسطینی کارکن اور لکھاری محمد الکرد اور فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے طور پر جرمنی میں ہونے والے فلم فیسٹیول سے دستبردار ہو رہے ہیں، اب وہ اس کا حصہ نہیں بنیں گے۔
انہوں نے لکھا کہ جب سے انہیں معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ فلم فیسٹیول کا انعقاد ’گوئٹے انسٹی ٹیوٹ‘ کر رہا ہے، تب سے انہوں نے فیصلہ کیا کہ اب وہ اس کا حصہ نہیں بنیں گے۔
انہوں نے لکھا کہ ’گوئٹے انسٹی ٹیوٹ‘ نے گزشتہ ماہ فلسطینی لکھاری محمد الکرد کو فیسٹیول میں پہلے مدعو کیا اور بعد ازاں ان کی دعوت منسوخ کی، جس وجہ سے وہ مذکورہ ادارے کے بینر تلے ہونے والے فیسٹیول میں شرکت نہیں کر رہے۔
ساتھ ہی ذوالفقار علی بھٹو جونیئر نے اعلان کیا کہ اب وہ ’گوئٹے انسٹی ٹیوٹ‘ کے کسی بھی ایونٹ کا حصہ نہیں بنیں گے۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا اور ساتھ ہی ان سے معذرت بھی کی۔