عمران خان کی ترجیح گوگی کے ذریعے ڈاکا مارنا کرپشن کرنا تھی، مریم اورنگزیب

عمران خان کی ترجیح گوگی کے ذریعے ڈاکا مارنا کرپشن کرنا تھی، مریم اورنگزیب

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اداروں کے خلاف مہم چلانے کی ہدایات دیتی رہیں، خط ان کی ہدایت پر نکالا گیا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کو سب کچھ اس وقت یاد آتا ہے جب ان کے اسکینڈل سامنے آتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ ساری کابینہ ضمانت پر ہے، ضمانت پر اس لیے ہیں کہ آپ نے جھوٹے کیسز بنائے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان عوام کو بتائیں کہ حمزہ شہباز کو 22 مہینے جیل میں رکھا اور کرپشن ثابت نہ کرسکے۔

وزیر اطلاعات کا یہ بھی کہنا ہے کہ عمران خان ایک ڈھونگ رچا رہا ہے، انہوں نے ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھر بنانے کا وعدہ کیا تھا، ان کی ذہنی حالت پر تشویش ہے۔

مسلم لیگ ن کی رہنما نے مزید کہا کہ عمران خان کہتا تھا وہ حکومت میں آلو پیاز کے ریٹس کا تعین کرنے نہیں آئے، وہ عوام کو بتائیں کس طرح 4 سال سیاسی انتقام لیتے رہے، انہوں نے اپنے دور میں سیاسی مخالفین پر مقدمے بنائے۔

ان کا کہنا ہے کہ عمران خان عوام کو بتائیں رانا ثناء اللّٰہ کو گرفتار کرنے کا پلان کیسے بنایا تھا، وہ عوام کو یہ بھی بتائیں کس طرح نیب اور ایف آئی اے کو استعمال کر کے سیاسی انتقام لیتے رہے، جو منصوبے ایل این جی پر چلتے تھے آپ کی نالائقی کی وجہ سے نہ چل سکے، عمران خان بتائیں کس طرح عدم اعتماد میں پیٹرول پر سبسڈی دی۔

مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ بزنس ٹرانزیکشن فرح گوگی اور بشریٰ بی بی کے درمیان ہوتی رہیں، یہ وہی تسلسل ہے کہ 4 سال سیاسی مخالفین کو جیلوں میں ڈال کر چوروں کا بیانیہ بنانا۔

انہوں نے کہا کہ جب دوسروں کی آڈیو آتی ہے تو آپ دھمال ڈالتے ہیں طبلے بجاتے ہیں، یہ چیخیں اس لیے نکل رہی ہیں کہ تحقیقات شروع ہوگئی ہے، عمران خان یہ بھی بتائیں کہ کیوں بشریٰ بیگم ٹرینڈز جاری کرنے کی ہدایت جاری کرتی ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی کہتی ہیں فرح کو کرپشن کے ساتھ جوڑا جائے گا تو غداری کے ٹرینڈ چلاؤ، عمران خان کہتے تھے بشریٰ بی بی گھریلو خاتون ہیں، ہمارا ہمیشہ سے مؤقف رہا کہ ایسی ویڈیوز اور آڈیوز لیک نہیں ہونی چاہئیں۔

اُن کا یہ بھی کہنا ہے کہ آپ کی ترجیح صرف فرح گوگی کے ذریعے ڈاکے مارنا کرپشن کرنا تھا، اگر بیرون ملک سازش ہوئی تھی تو آپ نے 8 مارچ کو کیوں نہیں بتایا، کیوں جوڈیشل کمیشن نہیں بنایا، اب عوام کو آپ نے بتانا کچھ نہیں ہے، آپ نے عوام کو جواب دینا ہے، عمران خان آپ کو اختیارات کے ناجائز استعمال کا عوام کو جواب دینا ہے، عوام کو آپ نے بھیٹر بکریاں سمجھا ہوا تھا، عوام باشعور ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ ابھی جو پریڈ گراؤنڈ میں 8 دس ہزار بندے جمع ہوگئے، آپ کی کرپشن سامنے آنے کے بعد وہ بھی نہیں آئیں گے، تحقیقات کا عمل تیز ہوچکا ہے آپ کی چوریاں سامنے آئیں گی، بنی گالہ میں ہیروں کا کاروبار،زمینوں پر قبضے اور توشہ خانہ کے ریٹس لگائے جارہے تھے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ لگژری اور غیر ضروری اشیاء کی درآمد پر پابندی سے متعلق نظر ثانی کی جارہی ہے، کچھ چیزیں شامل کر کے کچھ چیزیں نکالنی ہوں گی، اس کا باضابطہ اعلان کردیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ماضی میں 18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کو صفر کیا تھا، ابھی بھی شہباز شریف کا فوکس لوڈشیڈنگ اور انرجی پر ہے، وزیر اعظم نے وعدہ کیا ہے کہ ریلیف اور روزگار ملے گا جبکہ معیشت بھی ٹھیک ہوگی۔

-- مزید آگے پہنچایے --