انسپکٹر جنرل آف پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ نے کہا کہ خواتین ہر شعبے میں گراں قدر خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔ وطن عزیز پاکستان کے اداروں میں خواتین اپنے فرائض منصبی احسن طریقے سے سر انجام دیتے ہوئے پاکستان کا نام روشن کر رہی ہیں۔ خواتین کی قابلیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ آئی جی بلوچستان نے مزید کہا کہ خواتین مردوں کے شانہ بشانہ کام کر کے اپنی قابلیت کو اجاگر کر رہی ہیں۔ بلوچستان پولیس میں بھی خواتین کو بلا خوف وخطر ایسا ماحول دینا ہماری اولین ترجیح ہے کہ وہ اپنے فرائض منصبی کی ادائیگی سے ملک وقوم کا نام روشن کر سکیں۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس کوئٹہ سید فدا حسن نے انسپکٹر جنرل آف پولیس بلوچستان کے وژن کے مطابق سب انسپکٹر ثوبیہ خانم کو ریگولر تھانہ کینٹ کوئٹہ میں بحیثیت ایس او تعینات کر دیا ہے۔ ثوبیہ خانم بلوچستان کی تاریخ میں کسی بھی ریگولر تھانہ کی پہلی خاتون ایس ایچ او تعینات ہوئی ہیں۔
ثوبیہ خانم نے آئی جی بلوچستان کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے مجھ پر اعتماد کر کے بہت بڑی زمہ داری دی ہے جسے قبول کرتے ہوئے ادارے اور وطن عزیز پاکستان کا نام روشن کرنے میں اپنا کردار ادا کروں گی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے لئے بلوچستان پولیس کا ماحول بہت اچھا ہے اور ہم قوم کی بیٹاں ، بہنیں اور مائیں ہیں۔ بلوچستان پولیس میں اپنے فرائض کی ادائیگی میں ہر مشکل گھڑی کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گی، فرائض کی ادائیگی میں جان بھی دینا پڑی تو دریغ نہیں کریں گی۔