گیٹز فارما اور فاطمہ حنیف فاؤنڈیشن کے اشتراک سے جاری پاکستان میں دل کی بیماریوں سے متعلق پہلی بڑی تحقیق “پاک صحت” (PAK-SEHAT) کے ابتدائی نتائج کے مطابق بظاہر صحت مند اور بغیر کسی علامت کے پاکستانیوں کی بڑی تعداد دل کے امراض کے سنگین خطرات سے دوچار ہے۔
نتائج ہفتے کو اسلام آباد میں 55ویں کارڈیو کون کانفرنس میں پیش کیے گئے۔ تحقیق میں شامل دو ہزار افراد میں سے 78 فیصد موٹاپے، 33 فیصد ہائی بلڈ پریشر اور 22 فیصد ذیابیطس میں مبتلا پائے گئے، جبکہ 23 فیصد ذیابیطس سے پہلے کی کیفیت کا شکار تھے۔ موٹاپا 81 فیصد خواتین اور 74 فیصد مردوں میں پایا گیا۔
تحقیق کے سربراہ ڈاکٹر بشیر حنیف نے بتایا کہ 26 فیصد افراد کی شریانوں میں کیلشیم پایا گیا، جو دل کی بیماری کے خطرے کی نشاندہی کرتا ہے۔ 68 فیصد میں اچھے کولیسٹرول (ایچ ڈی ایل) کی مقدار کم تھی۔ ان کے مطابق سب سے تشویشناک بات یہ ہے کہ شرکا بظاہر صحت مند تھے، مگر جدید ٹیسٹوں سے خطرات سامنے آئے۔
تحقیق میں چاروں صوبوں اور اسلام آباد کے آٹھ مراکز سے 35 سے 65 سال کے مرد و خواتین شامل ہیں، جن کی اوسط عمر 39 سال ہے۔ شرکا کی صحت کا آئندہ پانچ سال تک جائزہ لیا جائے گا۔
شریک سربراہ ڈاکٹر خرم ناصر (ہیوسٹن میتھوڈسٹ اسپتال، امریکہ) نے کہا کہ ابتدائی نتائج کے مطابق 35 سال یا زائد عمر کے مردوں پر خصوصی توجہ درکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں میں دل کی بیماری دیگر آبادیوں سے تقریباً 10 سے 15 سال پہلے شروع ہوتی دکھائی دیتی ہے، تاہم حتمی نتائج تحقیق مکمل ہونے پر سامنے آئیں گے۔
گیٹز فارما کے شعبہ صحت عامہ کے سربراہ کاشف امین نے کہا کہ بچاؤ کی رہنما ہدایات اور خطرات جانچنے کے ماڈلز اب تک مغربی ممالک کے ڈیٹا پر مبنی رہے ہیں، اس لیے بچاؤ کی ابتدا ملک کے اپنے ڈیٹا سے ہونی چاہیے۔ ان کے مطابق گیٹز فارما کا عزم علاج کے بجائے ابتدائی سطح پر بچاؤ کی جانب منتقل ہونا ہے، اور یہ تحقیق پاکستان کے نوجوانوں، کام کرنے والی آبادی اور خاندانوں کے تحفظ کے لیے ایک قومی خاکہ ہے۔
گیٹز فارما کے تعاون سے “پاک صحت” تحقیق: بظاہر صحت مند پاکستانیوں میں بھی دل کی بیماری کا شدید خطرہ
15

