وکٹ کیپر بیٹر حمزہ ظہور کی دباؤ میں شاندار ناقابلِ شکست سنچری کی بدولت دفاعی چیمپئن پاکستان انڈر 19 نے اے سی سی مینز انڈر 19 ایشیا کپ کے گروپ اے کے سنسنی خیز مقابلے میں روایتی حریف بھارت کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔
عمان کے ال امارات کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے 209 رنز کا ہدف 48.1 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ حمزہ ظہور نے 108 گیندوں پر 100 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، جس میں 10 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
پاکستان کی اننگز کا آغاز مشکلات سے ہوا اور ٹیم صرف 15 اوورز میں 61 رنز پر 5 وکٹیں گنوا بیٹھی۔ اس مشکل صورتحال میں حمزہ ظہور نے حوصلے اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے حسنین عباس ڈار کے ساتھ چھٹی وکٹ کے لیے 107 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔
حسنین عباس ڈار نے 67 گیندوں پر 38 رنز بنائے، جس میں 2 چوکے شامل تھے۔ ان کے آؤٹ ہونے کے بعد محمد صیام بھی صرف 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، تاہم حمزہ ظہور نے ناقابلِ شکست رہتے ہوئے نقاب شفیق کے ساتھ پاکستان کو فتح سے ہمکنار کر دیا۔ نقاب شفیق 2 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
بھارت کی جانب سے منال چوہان نے 32 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ موہت اولوا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم پاکستانی باؤلرز نے ابتدائی وکٹیں حاصل کرکے بھارتی بیٹنگ لائن کو مشکلات سے دوچار کر دیا۔ بھارت کی ٹیم 42 رنز پر 4 وکٹیں گنوا چکی تھی۔
بھارت کی جانب سے ارجن راجپوت نے شاندار سنچری اسکور کرتے ہوئے 85 گیندوں پر 107 رنز بنائے، جس میں 11 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔ کاویا پریش پٹیل نے 23 جبکہ آریا ویر سہواگ نے 22 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے رضوان اللہ، علی رضا اور نقاب شفیق نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔ رضوان اللہ نے 24، علی رضا نے 37 اور نقاب شفیق نے 42 رنز دے کر تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ محمد صیام نے بھی ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ ٹورنامنٹ میں پاکستان کی یہ مسلسل دوسری کامیابی ہے۔ اس سے قبل پاکستان نے 6 نومبر کو متحدہ عرب امارات کو 9 وکٹوں سے شکست دی تھی، جس میں عثمان خان نے ناقابلِ شکست 139 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔
یاد رہے کہ پاکستان نے گزشتہ سال دبئی میں اے سی سی مینز انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کو 191 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
مین آف دی میچ: حمزہ ظہور (پاکستان انڈر 19)

