پاکستان کی اپنے شہریوں کو لبنان چھوڑنے کی ہدایات

پاکستان کی اپنے شہریوں کو لبنان چھوڑنے کی ہدایات

اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جاری کشیدگی اور لبنان میں اسرائیلی فضائیہ کے حملوں کے پیشِ نظر پاکستان نے اپنے شہریوں کو لبنان چھوڑنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔پاکستانی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ لبنان میں جاری حملوں کے سبب پاکستانی شہری لبنان کا سفر نہ کریں، لبنان میں رہائش پذیر پاکستانی دستیاب کمرشل پروازوں کے ذریعے ملک چھوڑ دیں۔

بیان میں کہا گیا کہ جو شہری کچھ وجوہات کی بنا پر لبنان چھوڑنے سے قاصر ہیں وہ محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں لبنان میں موجود پاکستانیوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بیروت میں پاکستانی سفارت خانے سے بدستور رابطے میں رہیں۔دوسری جانب لبنانی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ روز اسرائیلی حملوں میں 51 افراد ہلاک ہوئے تھے، اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ اس کے جنگی طیاروں نے لبنان میں حزب اللہ کے 280 ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔

-- مزید آگے پہنچایے --