عامر لیاقت حسین کی پہلی بیوی ڈاکٹر بشریٰ کا دانیہ کیخلاف مقدمہ دائر کرنے کا اعلان

عامر لیاقت حسین کی پہلی بیوی ڈاکٹر بشریٰ کا دانیہ کیخلاف مقدمہ دائر کرنے کا اعلان

گزشتہ ماہ انتقال کر جانے والے معروف اینکر پرسن اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی سابق پہلی بیوی ڈاکٹر بشریٰ اقبال نے دانیہ ملک کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) میں مقدمہ دائر کرنے کا اعلان کردیا۔

بشریٰ اقبال اور عامر لیاقت کے درمیان دسمبر 2020 میں طلاق ہوگئی تھی، دونوں کی شادی دو دہائیوں سے زیادہ عرصے تک چلی۔

بشریٰ اقبال اس وقت دو بچوں بیٹے احمد اور بیٹی دعا عامر کے ہمراہ رہتی ہیں۔

عامر لیاقت نے بشریٰ اقبال سے شادی ختم ہونے سے قبل ہی اگست 2018 میں ماڈل طوبیٰ انور سے شادی کی تھی، جنہوں نے ان سے فروری 2022 میں خلع لے لی تھی۔

عامر لیاقت کے انتقال کے ایک ماہ بعد تین دن قبل ہی دانیہ ملک نے سندھ ہائی کورٹ میں شوہر کا پوسٹ مارٹم کروانے کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا اور اب ان کی درخواست پر آئندہ ہفتے 28 جولائی کو سماعت ہوگی۔

دانیہ ملک کی جانب سے عامر لیاقت کی ویڈیوز کو سوشل میڈیا پر شیئر کیے جانے اور انہیں پریشان کرنے کے معاملے پر ان کی سابق پہلی بیوی بشریٰ اقبال نے ایف آئی اے میں جانے کا اعلان کردیا۔

بشریٰ اقبال نے 22 جولائی کو اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں بتایا کہ وہ ایف آئی اے کے سائبر کرائم میں دانیہ ملک اور ان کی والدہ کے خلاف شکایت درج کروانے جا رہی ہیں۔

انہوں نے مداحوں سے اس ضمن میں دعا کی اپیل بھی کی مگر انہوں نے اس حوالے سے مزید کوئی وضاحت نہیں کی کہ وہ کن الزامات اور بنیاد پر دانیہ ملک کے خلاف ایف آئی اے میں مقدمہ دائر کریں گی۔

-- مزید آگے پہنچایے --