نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی فرانسیسی وزیر خارجہ سے ملاقات، پاک فرانس تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

7

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر فرانس کے وزیر برائے یورپ و خارجہ امور ژاں نوئل بارو سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور فرانس کے دوطرفہ تعلقات سمیت علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسحاق ڈار نے سیاسی روابط، تجارت و سرمایہ کاری، تعلیمی روابط اور عوامی سطح پر تبادلوں کے فروغ سمیت پاک فرانس تعلقات مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے فلسطین کے معاملے کو عالمی ایجنڈے پر برقرار رکھنے اور منصفانہ، دیرپا اور جامع حل کے لیے مسلسل عالمی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔

ایران کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور سفارتی رابطوں کے تسلسل، علاقائی کوششوں اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد کی اہمیت اجاگر کی گئی۔

دونوں جانب سے بحری آمدورفت کے محفوظ اور آزادانہ بہاؤ اور توانائی کی بلاتعطل فراہمی کو بھی اہم قرار دیا گیا۔

فرانسیسی وزیر خارجہ نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا اور علاقائی چیلنجز کے حل کے لیے مکالمے اور علاقائی فورمز کے استعمال کی اہمیت پر اتفاق کیا۔

دونوں ممالک نے باہمی دلچسپی کے دوطرفہ اور علاقائی امور پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں