وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے وفد کے درمیان آج کراچی میں اجلاس ہوا، جس میں سندھ کے ایوی ایشن انفراسٹرکچر، مسافروں کی سہولیات، پروازوں کی سیکیورٹی اور تعلیمی شعبے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں سکھر، کراچی اور حیدرآباد ایئرپورٹس کے منصوبوں کے علاوہ ایوی ایشن یونیورسٹی کے قیام کا بھی جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ان منصوبوں کے حوالے سے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کو حکومت سندھ کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
انہوں نے متعلقہ محکموں کو زمین کی فراہمی، سڑکوں کی رابطہ کاری اور ترقیاتی امور میں سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ مجوزہ نیا سکھر ایئرپورٹ بالائی سندھ اور گردونواح کے علاقوں کے لیے علاقائی گیٹ وے کے طور پر خدمات انجام دے گا۔

