وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے مطابق پرائیویٹ حج اسکیم 2027 کے تحت بکنگ کا عمل پاک حج ایپ اور سرکاری حج پورٹل کے ذریعے جاری ہے۔
وزارت کے ترجمان کے مطابق پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت تقریباً 64 ہزار حج نشستیں دستیاب ہیں۔
اب تک 7 ہزار 600 عازمین حج کی بکنگ مکمل ہو چکی ہے۔
ترجمان کے مطابق 25 مجاز حج کمپنیوں کو حج پورٹل کے ذریعے مجموعی طور پر 6 ارب 88 کروڑ روپے موصول ہو چکے ہیں۔
ان کمپنیوں نے عازمین کے لیے 2 ہزار سے زائد مختلف حج پیکیجز متعارف کرائے ہیں۔
پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت بکنگ کی آخری تاریخ 20 نومبر 2026 مقرر کی گئی ہے۔
وزارتِ مذہبی امور نے واضح کیا ہے کہ پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت بکنگ اور ادائیگیاں صرف پاک حج ایپ اور سرکاری حج پورٹل کے ذریعے کی جا سکتی ہیں۔
وزارت نے عوام کو محتاط رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ کسی فرد یا ایسی کمپنی کو حج واجبات ادا نہ کریں جو سرکاری حج پورٹل کے علاوہ کسی اور ذریعے سے رقم وصول کرے۔
وزارت کے مطابق غیر سرکاری ذرائع سے ادائیگی کی صورت میں عوام کو فراڈ یا مالی نقصان کا سامنا ہو سکتا ہے۔

