پاکستان اور افریقی ممالک کا دوطرفہ تجارت 2030 تک 15 ارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق

4

پاکستان اور افریقی ممالک نے دوطرفہ تجارت کو 2030 تک 15 ارب ڈالر تک بڑھانے اور اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مزید متنوع بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

یہ عزم اسلام آباد میں پاکستان-افریقہ اکنامک کونسل (PAEC) کی افتتاحی تقریب کے دوران کیا گیا۔

اس موقع پر دونوں جانب سے باہمی سرمایہ کاری کے فروغ اور دستیاب وسائل سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے اقتصادی و تجارتی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

تقریب میں روانڈا، ماریشس، مراکش، زمبابوے، سوڈان، کینیا اور ایتھوپیا سمیت مختلف افریقی ممالک کے سفیروں، ہائی کمشنرز اور قونصل جنرلز نے شرکت کی۔

مقررین نے افریقہ میں پاکستانی شعبوں کے لیے موجود اہم تجارتی اور سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کیا۔

وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار محمد رضا حیات ہراج نے کہا کہ یہ فورم افریقی ممالک اور پاکستان کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ افریقہ کا مستقبل روشن ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک ابھرتا ہوا افریقہ اور ایک ابھرتا ہوا پاکستان ترقی کے لیے بے پناہ صلاحیت رکھتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں