نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے نو منتخب سیکریٹری جنرل اسماعیل ولد شیخ احمد سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔
اسحاق ڈار نے اتفاقِ رائے سے او آئی سی کے سیکریٹری جنرل منتخب ہونے پر اسماعیل ولد شیخ احمد کو مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان او آئی سی کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ او آئی سی کے سیکریٹری جنرل مسلم امہ کے مفادات کے فروغ اور فلسطین، جموں و کشمیر سمیت مشترکہ تشویش کے معاملات کے حل میں اہم کردار ادا کریں گے۔
او آئی سی سیکریٹری جنرل نے اپنی امیدوار ی کی حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور او آئی سی میں پاکستان کے اہم کردار کو تسلیم کیا۔
انہوں نے ایران تنازع ختم کرانے کی کوششوں پر پاکستان کی قیادت، وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کاوشوں کو سراہا۔
انہوں نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو مبارکباد دی اور اسے خطے میں امن و سلامتی کے لیے اہم قرار دیا۔
دونوں رہنماؤں نے مسلم امہ کی خدمت میں او آئی سی کے کردار کو مزید مضبوط بنانے کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا اور جلد ملاقات کی امید ظاہر کی۔

