پولیس اور رینجرز نے پروفیسر کے گھر ڈکیتی کی کوشش ناکام بنا دی

پولیس اور رینجرز نے پروفیسر کے گھر ڈکیتی کی کوشش ناکام بنا دی

جامعہ کراچی کی رہائشی کالونی میں رینجرز اور پولیس نے پروفیسر کے گھر ڈکیتی کی واردات مشترکہ کارروائی کے ذریعے ناکام بنادی اور ملوث ملزم اور ملزمہ کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ترجمان سندھ رینجرز کی جانب سے جاری بیان کے مطابق رینجرز اور پو لیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کراچی یونیورسٹی کی رہائشی کالونی میں رہائش پذیرممتاز علمی شخصیت کے گھر ڈکیتی کی واردات میں ملوث ملزم اور ملزمہ کو رنگے ہا تھوں گرفتار کر لیا۔

ملزمان کے قبضے سے چھینے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات (12 تولے سونا)، 7 عدد موبائل فونز، ایک عدد ڈمی پستول، موٹرسائیکل اور نقدی بھی برآمد کرکے اصل مالک کے حوالے کردیے گئے۔بیان کے مطابق ملزمان کراچی یونیورسٹی کی اسٹاف کالونی کے رہائشی پرو فیسر کے گھر میں ڈکیتی کی واردات کر رہے تھے اور گھر کے افراد کو یر غمال بنایا ہوا تھا، رینجرز اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر واردات ناکام بنادی اور گھر کے یرغمال افراد کو بازیاب کرالیا۔

ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ ’ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے اطلاع دیں، اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا‘۔

واضح رہے کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران کراچی شہر میں اسٹریٹ کرائمز اور مزاحمت پر قتل جیسے واقعات میں غیرمعمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

-- مزید آگے پہنچایے --