وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ایران کے دارالحکومت تہران پہنچ گئے، جہاں ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی اور ایران میں پاکستان کے سفیر محمد عمران صدیقی نے ان کا استقبال کیا۔
تہران پہنچنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ وہ پاکستان کے فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر اور وزیر اعظم شہباز شریف کا ایک خصوصی پیغام لے کر ایران آئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ پیغام موجودہ علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے اہم امور سے متعلق ہے۔وزیر داخلہ نے اس امید کا اظہار کیا کہ خطے کو درپیش چیلنجز اور بحرانوں کا حل مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے نکالا جا سکتا ہے۔ ان کے دورۂ ایران کے دوران اعلیٰ ایرانی حکام سے ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی سلامتی اور موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔








